پاکستان کے حقیقی مسائل سے باخبر ہوئے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ۔ حالات سے باخبرلوگ ہی کامیابی کے زینے طے کرسکتے ہیں ،پاکستان میں سیاسی افراتفری سے پھیلتے انتشار نے معیشت کا بیڑہ غرق کرنے والا سفر شروع کیا تو عوام کی طاقت سے حکومت تبدیل ہوئی جسے اب تک ملک دشمنوں نے قبول نہیں کیا اور حکومت گرانے کے لئے سرگرم ہوئے ،حکومت کی مخالفت پر ہی اکتفا نہیں کیا گیا اس ٹولے نے ہر موڑ پر ملک دشمنی کا کھل کر مظاہرہ کیا ،قوم کو منقسم کرنے کی خاطر بے بنیاد ہروپگنڈہ کیا گیا ۔ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کی خاطر ڈیجیٹل دہشتگردی کے ذریعے نئی نسل کو گمراہ کرنے کی روش اختیار کی گئی جسے محب وطن قوتوں نے روکنے کی خاطر انتہائی مربوط ،جامع اور منظم پالیسی پر عمل کیا تو ملک دشمنوں کو شکست فاش نظر آئی ،عوام کو ملک دشمنوں کی ہرواردات سے آگاہ رکھنے کا اہتمام کرنا عوام دوستی کا مظہر بنا ۔اب بھی حکومت کئی محاذوں پر ملک دشمنوں کے خلاف برسرپیکار ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف ملکی سلامتی اور عوام کی بہبود کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔اس تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی بینک نے ایک طویل مدتی شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آئندہ 10 سالوں میں مختلف شعبوں میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، گوکہ یہ قرضہ ہے مگر ہمیں اس کو خوش آمدید کہنا چاہیئے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، دسمبر میں ماہانہ بنیاد پر تاریخ کی بلند ترین آئی ٹی ایکسپورٹ ہوئیں جو 348 ملین ڈالر رہیں، آئی ٹی برآمدات تیزی سے آگے جارہی ہیں، اس میں جتنا اضافہ کریں گے،پاکستان کو اتنا فائدہ ہوگا، اگر تقابلی جائزہ لیں تو گزشتہ سال کے مقابلے میں ہماری برآمدات بڑھی ہیں، ہمارے تمام اعشاریے خوش آئند ہیں اور ظاہر کرتے ہیں کہ اگر ہم محنت کریں گے اور اپنے راستے پر قائم رہیں گے تو اس کا پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 20جنوری سے گوادر ایئرپورٹ نے باقاعدہ کام شروع کردیا، یہ خوش آئند بات ہے اور انتہائی اہم منصوبہ ہے، چین کی جانب سے مہیا کیے گئے 230 ملین ڈالر کی لاگت سے یہ منصوبہ مکمل ہوا، گوادر ایئرپورٹ پاکستان کے بڑے ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے، اگر یہ ایئرپورٹ کاروباری مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے تو بلوچستان اور پاکستان کی معیشت کو کتنا فائدہ پہنچے گا، چین جیسا دوست ملک، جس نے اپنے وسائل سے یہ ایئرپورٹ تحفے میں دیا ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس وقت پاکستان سے دشمنی پر اترے ہوئے ہیں اور قتل و غارت کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں، آج انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ وہ قتل و غارت کرکے نہ صرف بلوچستان کے عوام کے خلاف جارہے ہیں بلکہ یہ پاکستان کے ساتھ صریحاً دشمنی ہے کیوں کہ کراچی کی بندرگاہیں پہلے ہی تنگ ہیں، وہاں آمد و رفت کا بے تحاشہ بوجھ ہے، ایسے میں گوادر پورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے۔
شہباز شریف کہتے ہیں کہ فتنۃ الخوارج کے حوالے سے جو قربانیاں دی جارہی ہیں، حکومت اور 24 کروڑ عوام چاہ کر بھی ان شہدا کا قرض نہیں اتار سکتے، ان قربانیوں کی جتنی بھی تعظیم کی جائےکم ہے، ہم ان قربانیوں کا قرض قیامت تک نہیں اتارسکتے، اس کے بدلے میں ملک میں امن قائم ہونا ہے، ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہونا ہے، من حیث القوم ہمیں اس بات کا پوری طرح ادراک ہونا چاہیئے کہ اس سے بڑی عظمت کی کوئی بات نہیں کہ اپنے بچوں کو یتیم کرکے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا جائے اور اپنی جان کا نذرانہ دینے سے بڑی اور کوئی قربانی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں بالآخر اتنی تباہی اور خوں ریزی کے بعد صرف 42 روز کیلئے جنگ بندی ہوئی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ غزہ میں عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں بدل جائے،50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، جن میں مائیں، بچے، ڈاکٹرز، انجینئرز اور نوجوان شامل ہیں، ہزاروں فلسطینیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا اور شہروں کے شہر تباہ کردیے گئے، پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے بھرپور آواز اٹھائی اور امدادی اشیا بھجوائیں جس میں بہت تنگیاں تھیں، غزہ کی تعمیر نو کا مرحلہ جلد آنے والا ہے، پاکستان اپنے تئیں جو بھی کرسکتا ہے کرے گا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی اشارے خوش آئند ہیں ،پاکستان کے خلاف محاذ آرائی ملک دشمنی ہے ،ان حالات میں وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کو استحکام دینے کے لئے کوشاں ہیں ،اسکےبساتھ وہ پاکستان کے دشمنوں کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن سے ملک ترقی کے زینے طے کررہا ہے اور عوام کے تعاون سے ملکی ترقی کے اہداف پورے کرلئے جائیں گے ۔حکومت کے سامنے ملکی سلامتی کے معاملات کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کو فوری ریلیف دینا بھی مقدم ہے اس حوالے سے اب موجودہ حکومت نے اہم اقدامات کیئے ہیں جس کے دور رس نتائج برآمد ہورہے ہیں اور ملکی معیشت کی بہتری سے عوام کی خوشحالی کے راستے نکل رہے ہیں ۔