پنجاب میں عوامی بہبود کے انقلابی اقدامات

اداریہ

پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلی’ مریم نواز شریف کی جانب سے صوبے کے عوام کی بہبود اور ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ،صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی تعمیر وترقی کے ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئےمثالی کام ہورہے ہیں ،پنجاب کے عوام کو فوری ریلیف دینے کے لئے کئی میگا پراجیکٹس پر کام ہورہا ہے وزیراعلی’ مریم نواز شریف نے عوامی بہبود اور ترقی کے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی خاطر انتہائی جامع منصوبہ بندی کی ہے ۔اس حوالے سے صوبے میں تمام ترقیاتی اور اعلان کردہ منصوبوں پر انتہائی تیزرفتاری کے ساتھ کام ہورہا ہے ۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے عوامی بہبود کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے خود نگرانی شروع کی ہوئی ہے ۔عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتی ہیں اورانکی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات دی جارہی ہیں۔مریم نواز شریف کی جانب سے صوبے میں کم آمدنی والے طبقے کو اپنا گھر دینے کے منصوبے کو عملی شکل دے کر عوام کے دل جیت لئے ہیں ،اس حوالے سے اب پنجاب حکومت نے ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘ کیلئے 62 ارب روپے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں تقریباً 5 ہزار شہری اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض لے چکے ہیں، پروگرام کے تحت 4 ہزار 200 سے زائد مکان تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔ صوبائی حکومت نے اجلاس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے متعلق اہم فیصلے کیے، اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے 62 ارب روپے کی منظوری دی، اس موقع پر مریم نواز شریف نے مئی تک 40 ہزار افراد کو قرض دینے کا ہدف مقرر کیا، اجلاس میں سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے قرض دینے کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے قرض 15 سے 20 لاکھ کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈپٹی کمشنر سے لے کر نیچے تک تمام افسران کی افرادی اور محکمانہ کارکردگی کو جانچنے کیلئے کلیدی کارکردگی کے اشارئیے دیئے گئے ہیں جس کے تحت افسران کی روزانہ کی بنیاد پر پرفارمنس کی سکورنگ کی جاتی ہے، اس خودکار نظام کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے تاہم اب ہر ڈویژن میں ایک صوبائی وزیر کو ڈیوٹی سونپی گئی ہے جس کا مقصد گورننس ماڈل کو بہتر بنانا اور اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا ہے۔دریں اثنا پنجاب حکومت نے شہریوں کے لیے مفت سولر پینل سکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے شہریوں کو مفت سولر پینل فراہم کرنے کی سکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ کیا ہے، صوبے میں سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور قابل تجدید توانائی کے منصوبے کو جون تک مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اب تک صوبے میں بغیر بجلی والے 1 ہزار 200 دیہات میں 404 غریب افراد کو ایک کلو واٹ کے ہائبرڈ سولر سسٹم فراہم کیے جا چکے ہیں۔صوبے میں شمسی توانائی کے فروغ کے لیے 6 ارب روپے کے اضافی فنڈ دینے کا بھی فیصلہ ہوا ہے، اس حوالے سے ایک اجلاس میں پنجاب اسمبلی، انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت دیگر محکموں اور وزارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا، صوبائی حکومت کی جانب سے کوڑے کرکٹ سے بجلی بنانے کے فنڈ کے قیام کا عمل مارچ تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی۔بلاشبہ پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو اپنا گھر اور سستی بجلی کی فراہمی کے لئے جامع پلان پر عمل کرکے ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے ،عوامی ریلیف کے میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کو حقیقی ریلیف ملنے کی راہیں کھل رہی ہیں ،قوم ان اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔

Comments (0)
Add Comment