پاکستان نے عالمی دہشتگردی کی جنگ میں ہراول دستے کا کردار نبھایا ہے ۔دنیا کو محفوظ بنانے کی خاطر پاک فوج نے جانیں نچھاور کرکے امن کے پائیدار راستے کھول دیئے ۔
عالمی برادری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسکی بھرپور حمایت کی ہے ۔بلخصوص اقوام متحدہ نے بھی پاکستان کی دہشتگردی ختم کرنے کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے اور اس کے علاوہ امریکا نے بھی اس حوالے سے برملا کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔
ان حالات میں پوری دنیا نے پاکستان کے دہشتگردی کے خلاف جاری اب تک کے تمام آپریشنز کی حمایت کردی ہے ۔امن اور ترقی کے دشمنوں نے پاکستان کے اس صائب کردار پر ضرور سوالات اٹھائے ہیں ۔تاہم امن پسندوں نے پاکستان کے قیام امن کی خاطر کیئے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے امن دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائے ہیں ۔ستم ظریفی تو یہ ہے کہ اب پاکستان کے اندرونی معاملات کو بگاڑنے کیلئے دہشتگردوں نے سیاست کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی سازش رچائی ہے تاہم اسے ناکام بنانے کی خاطر پاک فوج نے مرکزی کردار نبھایا ہے
پاک فوج ملک دشمنوں کی ہر سرگرمی پر نظر رکھتے ہوئے انکی ہر سازش کو ناکام بنا رہی ہے ۔پاک فوج نے ملک کے خلاف کسی بھی سطح پر کام کرنے والوں کو عبرت ناک مثال بنانے کی ٹھان رکھی ہے ۔پاکستان سے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے ویژن کا نام “عزم استحکام”رکھا گیا ،اسے تمام محب وطن سیاستدانوں کی حمایت حاصل ہے ۔
اسکی بظاہر مخالفت کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا مگر کچھ ناعاقبت اندیش سیاستدانوں نے اسکی مخالفت کر کے ملک سے اپنی محبت کے دعوے کو ہی مشکوک بنالیا ہے ۔پاک فوج نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے “عزم استحکام”جیسے آپریشنز کو ناگزیر قرار دیا ہے ۔
پاکستان میں دہشتگردی کی ہر واردات کے پیچھے چھپے محرکات کو جان کر اسے جڑ سے ختم کرنے کا جامع اور مؤثر پلان بنایا گیا جس کی پوری قوم نے حمایت کی اس پر اعتراض کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا ، اس تناظر میں پاک فوج نے بھی عزم استحکام کو ملکی مفاد میں قرار دیتے ہوئے مخالفت کرنے کے عمل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے
اس تناظر میں کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے انسداد دہشت گردی کے خلاف “عزم استحکام” کے حوالے سے تنقید اور قیاس آرائیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے ڈیجیٹل دہشت گردی ریاستی اداروں کے خلاف سازش ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جہاں امن و استحکام کے لیے شہدا، افواج پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی حکومت و شہریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ” عزمِ استحکام” کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیالات بھی ہوا اور انسدادِ دہشتگردی کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا۔کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے”عزمِ استحکام“ کو ضرورت قرار دیا گیا ۔
دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کیلئے بھی عزم استحکام ضروری قرار پایا ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اور مخصوص مفادات کے حصول کے لیے قیاس آرائیوں پر فورم کی جانب سے اظہار تشویش کیا گیا۔فورم کا علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورت حال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔
عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لیے کوشاں ہے۔
بلاشبہ پاک فوج دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ان حالات میں دشمن بھی تسلیم کررہا ہے کہ پاکستان کو صرف پاک فوج نے بکھرنے نہیں دیا
اگر پاک فوج نے ملک میں ہر طرح کے دشمنوں کے خلاف آپریشنز نہ کیئے ہوتے تو آج حالات یکسر مختلف ہوتے ۔ پاک فوج نے قوم کو ڈیجیٹل دہشتگردی سے نجات کا راستہ دکھایا ہے جس پر باشعور عوام نے لبیک کہتے ہوئے دشمن کے زہریلے پروپگنڈے کو مسترد کر دیا ہے ۔
پاکستان کی سالمیت کو ہر آن مقدم رکھنے والی فوج سے عوام والہانہ محبت کرتے ہیں ۔پاک فوج کے جوان ہی ہر مشکل گھڑی میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے عوام کو جنگ اور امن میں آفات سے بچانے کے لئے میدان میں اترتے رہے ہیں ،عوام کے دلوں سے فوج کی محبت اور قدر کو کم کرنے کیلئے ہر طرح کے پروپگنڈے ناکام رہے ہیں ۔
مستقبل میں بھی پاک فوج عوام کے تعاون سے دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے سرگرم رہے گی۔
قوم نے بھی ملک کے مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھنے والی فوج کی عزت و آبرو کم کرنے کیلئے ڈیجیٹل دہشتگردی کرنے والے عناصر کو زور دار طریقے سے مسترد کردیا ہے ۔
قوم کل بھی پاک فوج کے ساتھ تھی قوم آج بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔