بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز وزراء کونسل کے ساتھ اپنا استعفیٰ بھارتی صدر دروپدی مرمو کو بھجوادیا ہے۔
بھارتی صدر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بھارتی وزیراعظم کی جانب سے بھیجا گیا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے نریندر مودی اور وزراء کونسل سے نئی حکومت کے عہدہ سنبھالنے تک کام جاری رکھنے کی درخواست کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی بھارتی تاریخ میں تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے والی دوسری شخصیت ہیں، ان سے قبل جواہر لال نہرو تین مرتبہ بھارت کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مودی کی جانب سے 8 جون کی شام کو مسلسل تیسری مدت کے لیے وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کا امکان ہے، اور یوں سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو کے بعد مودی تیسری مدت کے لیے اقتدار برقرار رکھنے والے دوسرے رہنما ہوں گے۔
حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے 292 سیٹیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے، تاہم بی جے پی اکیلے سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے قائدین آج شام لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا جائزہ لینے اور حکومت سازی کی تفصیلات پر غور کرنے کے لئے اہم ملاقات کریں گے۔
حکومتی اتحاد نے لوک سبھا کے 543 رکنی ایوان میں سادہ اکثریت کے لیے درکار 272 نشستوں کے عندسے کو آسانی سے عبور کرلیا ہے، وہیں 2014 میں اکیلے سادہ اکثریت حاصل کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے اتحادیوں پر انحصار کرنا ہوگا۔