غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید 22 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج نے رات گئے غزہ میں مختلف پناہ گزین کیمپوں پر حملے کیے جن میں مزید 22 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیل نے رات گئے ہی نصیرت اور البریج پناہ گزین کیمپوں پر حملے کیے۔

عرب میڈیا کے مطابق رات گئے قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کے خان یونس شہر اور رفح میں گھروں پر حملے کرکے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد کو شہید کیا۔

رپورٹ کے مطابق خان یونس شہر کے مشرقی حصے میں صیہونی فوج نے پناہ گزین کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 10 افراد شہید ہوئے۔

عرب میڈیا کے کا کہنا ہے کہ اسرائیل فوج نے رفح شہر کے مختلف علاقوں پر بھی حملے کیے جس کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاع ہے مگر اموات کی ٹھیک تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

فلسطینی نیوز ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیل نے رات گئے ہی نصیرت اور البریج پناہ گزین کیمپوں پر بھی حملے کیے جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید ہوئے۔

فلسطینی وزارت صحت کا بتاناہےکہ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 36 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 82 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔