عرب میڈیا کے مطابق مذاکرات میں معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق کے بعد قطر اور حماس کے وفود واپس روانہ ہو گئے ہیں جبکہ امریکا اور اسرائیل کے وفود کچھ گھنٹوں بعد روانہ ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ بندی سے متعلق معاہدے کیلئے فریقین کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے اور دو روز بعد مذاکرات کا دوسرا دور شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حماس سمیت مذاکرات میں شامل فریقین کی جانب سے مصری ٹی وی کی مذاکرات میں پیشرفت سے متعلق خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
اسرائیل اور حماس نے 6 ماہ سے جاری جنگ میں ممکنہ جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات کے نئے دور کے لیے اتوار کو اپنے نمائندے مصر بھیجنے کی تصدیق کی تھی جبکہ ہفتے کو امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز پہلے ہی مصر موجود ہیں۔
قطر، امریکا اور مصر تقریباً 6 ماہ سے جاری جنگ کے دوران اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں جنگ بندی اور اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لیے خفیہ مذاکرات کر رہا ہے۔
قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے دوحہ میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ مذاکرات کا سب سے اہم نکتہ غزہ کے تمام بےگھر فلسطینیوں کی ان کےگھروں کو واپسی ہے، جسے اسرائیل نے ابھی تک تسلیم نہیں کیا۔
7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار 175 فلسطینی شہید اور 75 ہزار 886 زخمی ہو چکے ہیں۔ حماس کے 7 اکتوبر کے حملے میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139 ہے۔