یوراج سنگھ نے پاک بھارت میچ شائقین کیلئے جذباتی معاملہ قرار دے دیا

سابق بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے پاک بھارت میچ دونوں ممالک کے شائقین کیلیے جذباتی معاملہ قراردیدیا۔

سابق بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک، بھارت ٹاکرا 9 جون کو نیویارک میں ہونے جارہا ہے، یہ مقابلہ دونوں ملکوں کے لیے کھیل اور جذبات کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم یہ مقابلہ جیت جاتے ہیں تو ہم خوشی سے پاگل ہوجاتے ہیں اور اگر ہم ہارجائیں تو تب بھی ہم سب پاگل ہوجاتے ہیں، لیکن اس میں فرق یہ ہے کہ اگر ہم جیتتے ہیں تو وہ لوگ ہمارے ساتھ پاگل ہوجاتے ہیں اور اگر ہم ہارجائیں تو وہ ہمارے ساتھ پاگل ہوجاتے ہیں۔

یاد رہے کہ یوراج کو آئی سی سی نے ایونٹ کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 6 جون کو ڈلاس میں میزبان ٹیم امریکا کے خلاف میچ سے کرے گی۔

اس کے بعد پاکستان ٹیم 9، 11 اور 16 جون کو بالترتیب بھارت، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف میچز کھیلے گی۔ گروپ اسٹیج کے بعد گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لیے ویسٹ انڈیز جائیں گی۔