رمیز راجا کا ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کو اہم مشورہ

انگلینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست اور قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد سابق کپتان راشد لطیف اور رمیز راجا نے موجودہ کپتان بابر اعظم کو وکٹ کیپنگ محمد رضوان سے کروانے کا مشورہ دیا ہے۔

سرکاری میڈیا کے اسپورٹس چینل پر گفتگو کے دوران انگلینڈ سیریز میں شکست پر گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف کا کہنا تھا سب سے بڑا مسئلہ اس وقت قومی ٹیم کے وکٹ کیپر اعظم خان کا ہے، ٹیم کے پاس 2 وکٹ کیپر عثمان اور محمد رضوان ہیں، میرا مشورہ ہے کہ وکٹ کیپنگ سینئر کھلاڑی سے کروائی جائے کوئی ایسا پلیئر وکٹ کیپنگ کرے جو گیم کو پیچھے سے دیکھے، رضوان پچھلے 4 سال سے گیم کو پیچھے سے چلارہے تھے اب آپ نے وہ کارڈ ہی ہٹا دیا۔

انھوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کے کپتان کو سب سے زیادہ ضرورت وکٹ کیپر کی ہوتی ہے، میں نے اور معین خان نے ٹیسٹ میچز اور ون ڈے میچز میں وکٹ کیپنگ کی ہے، ہم میچ کو پیچھے سے دیکھتے تھے لیکن اگر پیچھے کھڑا شخص ہی کیچز چھوڑنے لگے تو وہ اپنے کپتان کو کیا بتائے گا ؟ کوئی بھی کھیل چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا، اگر اس میں کمیونیکیشن مسنگ ہے تو آپ کیسے کھیلیں گے۔

راشد لطیف نے مزید کہا کہ آپ نے پہلے اوپنرز کی جوڑی غلط توڑی، پھر وکٹ کیپنگ رضوان سے لے لی گئی، اسپنرز میں تبدیلی کی گئی ہم ٹیم کو ہارتے ہوئے ہی دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب اپنے ایک بیان میں قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے کہا ہے کہ محمد رضوان اور بابر اعظم کا بطور اوپنر آنا خوش آئند ہے لیکن رضوان سے وکٹ کیپنگ کرائی جائے، اعظم خان کو نکال کر آل راؤنڈر کھلایا جائے۔

ادھر سابق کپتان شعیب ملک نے انگلینڈ کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد کپتان بابر اعظم کو ورلڈکپ کیلئے اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بابر ورلڈکپ میں اوپننگ کرنے کے بجائے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں، ہمیں مڈل آرڈر میں ایسا بیٹر چاہیے جو اسٹرائیک تبدیل کر سکے اور بابر ہمارے لیے بہترین آپشن ہے۔