بھارتی کرکٹ بورڈ ان دنوں نئے کوچ کی تلاش میں ہے اور اس حوالے سے رکی پونٹنگ سے آئی پی ایل کے دوران کوچنگ کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا میں نے کوچنگ کے حوالے سے کئی رپورٹس دیکھی ہیں، ایسا عموماً سوشل میڈیا پر ہوتا ہے اور کئی نام سامنے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری آئی پی ایل کے دوران اس حوالے سے چھوٹی موٹی گفتگو ہوتی رہی ہے، گفتگو میں میری کوچنگ میں دلچسپی جاننے کی کوشش کی گئی، میں نیشنل ٹیم کی کوچنگ کرنا پسند کروں گا لیکن زندگی میں اور بھی بہت کچھ ہے۔
رکی پونٹنگ کا کہنا تھا میں گھر میں فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں، بھارتی ٹیم کے اگر آپ کوچ ہوں گے تو پھر آپ آئی پی ایل میں کوچ نہیں ہو سکتے، نیشنل ٹیم کا کوچ ہونے کا مطلب سال میں 10، 11 ماہ کی نوکری ہے۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ یہ اس وقت میرے لائف اسٹائل کے مطابق نہیں ہے، زندگی میں انجوائے کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ ہے، مجھے علم ہے جسٹن لینگر، اسٹیفن فلیمنگ اور گوتم گھمبیر کے نام بھی بھارتی ٹیم کی کوچنگ کے لیے سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میری فیملی نے آئی پی ایل کے دوران 5 ہفتے میرے ساتھ بھارت میں گزارے، میں نے بیٹے کو کوچنگ کی آفر کا بتایا تو بیٹے نے آفر قبول کرنے کا کہا، بیٹا کہنے لگا کہ ہم دو سال کے لیے یہاں شفٹ ہو جائیں گے۔
رکی پونٹنگ نے کہا کہ فیملی کو بھارت میں کرکٹ کلچر اچھا لگتا ہے لیکن اس وقت فل ٹائم کوچنگ میرے لائف اسٹائل میں فٹ نہیں ہوتی۔