پاکستان کرکٹ بورڈ کی دو لیگز کی پالیسی کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کے بڑے نام لنکا پریمیئر لیگ سے دور رہے۔
لنکا پریمیئر لیگ 2024 یکم جولائی سے 21 جولائی تک کھیلی جائے گی جس کیلئے پلیئرز آکشن منگل کو ہوئے جس میں پاکستان کے افتخار احمد کو دمبولا ٹھنڈرز نے پچاس ہزار ڈالرز میں پک کیا۔
وسیم جونیئر کو کولمبو اسٹرائیکرز نے 20 ہزار ڈالرز میں حاصل کیا جبکہ فاسٹ بولر محمد حسنین کو تیس ہزار ڈالر میں بی لوو کینڈی نے حاصل کیا۔
محمد علی 10 ہزار ڈالرز میں بی لوو کینڈی کا حصہ بنے۔حیدر علی کو دمبولا ٹھنڈرز نے 25 ہزار ڈالرز میں حاصل کیا۔ کینڈی نے اعظم خان کو بھی 50 ہزار ڈالرز میں حاصل کرلیا جبکہ سلمان علی آغا کو دس ہزار ڈالرز میں حاصل کیا گیا۔
پاکستان کے شاداب خان پلیئرز آکشن سے قبل ہی کولمبو اسٹرائیکرز کا حصہ بن چکے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی دو لیگز کی پالیسی کی وجہ سے اکثر پاکستانی کرکٹرز کم معاوضے والی لنکا پریمیئر لیگ سے ڈیل کرنے کے بجائے زیادہ معاوضے والی دیگر لیگز میں شامل ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔