ویرات کوہلی کے دورہ پاکستان سے متعلق بیان پر شاہد آفریدی کا ردعمل

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے دورہ پاکستان سے متعلق بیان پر ردعمل دے دیا۔

کراچی میں ایک ٹیپ بال تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ وہ کوہلی کے بیان سے حیران نہیں ہوئے، ویرات کوہلی کے مثبت بیان سے خوشی ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوہلی جب بھی پاکستان آئیں گے ان کو ویلکم کریں گے۔

یاد رہے کہ بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے پاکستان کا دورہ کرنے میں دلچسپی کا انکشاف کیا تھا۔

انہوں نے یہ انکشاف پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کے ساتھ ویڈیو کال کے دوران کیا تھا۔

ویڈیو کال کے دوران ویرات کوہلی نے جلد ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میری طرف سے آپ کی فیملی اور آپ کے تمام دوستوں کو سلام پیش کریں، امید ہے کہ ہم جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے، اب سب نے آنا شروع کر دیا ہے۔‘

واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے پاکستان میں کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا، بھارتی ٹیم آخری بار 2008 میں ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئی تھی، جب کہ 2025 میں چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونے جارہی ہے جس سے امید پیدا ہوگئی ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔