پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے ٹیم منیجمنٹ میں مینٹل پرفارمنس کوچ کی تقرری کی گئی ہے، اس عہدے پر آسٹریلیا کے معروف مینٹل ہیلتھ ماہر ڈیوڈ ریڈ کا تقرر کیا گیا ہے جو اس سے قبل آئی پی ایل ٹیم چنئی سپر کنگز ، بگ بیش ٹیم میلبرن اسٹارز اور آسٹریلیا کے اولمپک ایتھلیٹس کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
ڈیوڈ ریڈ ایتھلیٹس کو ہدف کے لیے فوکس رہنے میں رہنمائی دینےکے لیے مشہور ہیں۔
آسٹریلوی مینٹل ہیلتھ ایکسپرٹ ورلڈکپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے ، وہ 20 مئی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کھلاریوں کی ذہنی صحت پر توجہ دینا نہ صرف پی سی بی کی ترجیح ہے بلکہ اس کا بنیادی عہد بھی ہے کیوں کہ گراؤنڈ کی پرفارمنس کا براہ راست تعلق کھلاڑیوں کی ذہنی صورتحال سے ہوتا ہے۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ ڈیوڈ ریڈ جیسے تجربہ کار ایکسپرٹ کی موجودگی سے پاکستانی پلیئرز کو فیلڈ کے اندر اور فیلڈ کے باہر فائدہ حاصل ہوگا۔