بیرون ممالک بہتر روزگار کیلئے پاکستان اسکل کمپنی بنانے کا فیصلہ
پاکستان کے مالیاتی بحران ٹالنے کے لئے حکومت گراں قدر منصوبے بنارہی ہے ،اس تناظر میں اب حکومت نے بیرون ممالک بہتر روزگار کیلئے پاکستان اسکل کمپنی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تکنیکی و فنی تعلیم کو یکساں اور بیرونِ ملک پاکستانی افرادی قوت کے بہتر روزگار کیلئے پاکستان اسکل کمپنی اور اسکل ڈیولپمنٹ فنڈ کے قیام اور تکنیکی و فنی تربیت کے شعبے میں اصلاحات کیلئے کمیٹی کے قیام کی ہدایت کردی۔ وزیرِ اعظم کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن(این اے وی ٹی ٹی سی) کے پاکستان میں افرادی قوت کی تکنیکی و فنی تربیت کے حوالے سے اقدامات کے بارے بتایا گیا۔این اے وی ٹی ٹی سی رواں برس 60 ہزار افراد کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کریگا جبکہ اصلاحات مکمل ہونے کے بعد آئندہ 3برس میں کل 6 لاکھ افراد کو تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ تکنیکی و فنی تربیت کیلئے ناصرف بیرونِ ممالک سے روزگار کے مواقع اور درکار ہنر کی معلومات کا تبادلہ یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ مقامی صنعت سے بھی اس حوالے سے افرادی قوت کی کھپت کا ڈیٹا حاصل کیا جاتا ہے۔ این اے وی ٹی ٹی سی نے تکنیکی اور فنی تربیت کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی معیار کے شہرت یافتہ اداروں سے طلبہ و طالبات کی سرٹیفکیشن لازمی قرار دے دی ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے عین مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے ناصرف وفاقی سطح پر کوٹہ مختص کیا گیا ہے بلکہ انکی خصوصی تربیت کیلئے علیحدہ پروگرام کا اجرا کیا جا رہا ہے جسکا آغاز رواں برس جون میں ہو جائے گا۔اصلاحات پر سفارشات بھی پیش کی گئیں۔وزیرِ اعظم نے این اے وی ٹی ٹی سی اور وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت کی اصلاحات پر فوری سفارشات مرتب کرنے کیلئے فوری طور پر ایک کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم نے وزارت امورِ سمندر پار پاکستانی و ترقیِ افرادی قوت اور این اے وی ٹی ٹی سی میں اصلاحات کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک گیر تکنیکی و فنی تعلیم کو یکساں اور بیرونِ ملک پاکستانی افرادی قوت کے بہتر روزگار کیلئے پاکستان اسکل کمپنی بنائی جائے۔وزیرِ اعظم نے پاکستان اسکل ڈیولپمنٹ فنڈ کے فوری قیام، پاکستان اسکل کمپنی اور پاکستان اسکل ڈیولپمنٹ فنڈ کے قیام پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کی نواجوان افرادی قوت کو عالمی معیار کی تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے این اے وی ٹی ٹی سی کو مزید فعال بنایا جائے اور تمام تکنیکی شعبوں میں عالمی شہرت یافتہ اور بین الاقوامی سرٹیفیکشنز یقینی بنائی جائیں۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستانی افرادی قوت کی ترقی اور تکنیکی و فنی تعلیم کے معیار کو عالمی سطح پر لانے کے لیے وفاقی ادارے صوبوں کیساتھ روابط اور تعاون یقینی بنائیں اور بہترین اور عالمی معیار کے پیشہ ورانہ تکنیکی ہنر سے لیس افرادی قوت کے لیے ضوابط کا مربوط نظام یقینی بنایا جائے۔ان حالات میں پاکستانی معیشت کو استحکام دینے کی خاطر ایسے منصوبوں پر تیزرفتاری سے عملدرآمد ناگزیر ہے ،تاکہ عوام کی خوشحالی اور مکی ترقی کی راہیں استوار ہوسکیں ۔