لاہور میں کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ نے اننگز کا مثبت انداز میں آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5 اوورز میں 56 رنز بنائے لیکن اسی اسکور پر زمان خان نے 15 گیندوں پر 28 رنز بنانے والے تام بلنڈل کو چلتاکردیا۔
دوسرے اینڈ سے ٹم رابنسن نے بہترین کھیل پیش کیا اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔
نیوزی لینڈ نے 10 اوورز میں 93 رنز بنا لیے تھے لیکن 11ویں اوور میں عباس آفریدی نے رابنسن کی دو چھکوں اور 4 چوکوں سے سجی 51 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
اسکور 128 تک پہنچا تو افتخار احمد نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے مارک چیپمین کو پویلین لوٹا دیا جبکہ ڈین فاکس کرافٹ بھی 34 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کو وکٹ دے بیٹھے۔
مائیکل بریسویل اور جیمز نیشام نے اسکور کو 169 تک پہنچایا لیکن عباس آفریدی نے 27 رنز بنانے والے کیوی کپتان بریسویل کے بعد اگلی ہی گیند پر جوش کلارکسن کا کام بھی تمام کردیا۔
اننگز کی آخری گیند پر عامر نے اش سودھی کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور اس طرح نیوزی لینڈ نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔
اس سے قبل میچ کے لیے پاکستان نے فاائنل الیون میں پانچ تبدیلیاں کیں اور محمد رضوان، عرفان خان نیازی، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے۔
ان کی جگہ فخر زمان، اسامہ میر، عماد وسیم، محمد عامر اور زمان خان کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابر اعظم(کپتان)، صائم ایوب، فخر زمان، عثمان خان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، محمد عامر، عباس آفریدی اور زمان خان۔