ویمن کرکٹر بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ اس کھیل سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے مجھے سب سے زیادہ پیار ہے۔ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے، جو چیلنجوں، فتوحات اور ناقابل فراموش یادوں سے بھرا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جنہوں نے شروع سے لے کر اب تک میرے پورے کرکٹ سفر میں میرا ساتھ دیا،
میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا۔
پی سی بی کی طرف سے تعاون انمول رہا ہے خاص طور پر میرے لیے پہلی بار پیرنٹل پالیسی کو نافذ کرنے میں، جس نے مجھے ماں ہوتے ہوئے اپنے ملک کی اعلیٰ سطح پر نمائندگی کرنے کے قابل بنایا۔
انہوں نے کہا کہ میں ان مداحوں کی تہہ دل سے مشکور ہوں جن کی غیر متزلزل حمایت میرے پورے کیریئر میں حاصل رہی۔ جہاں بھی اور جب بھی میں نے اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے انہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔
آخر میں، میں اپنی ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جو میرے لیے خاندان کی طرح بن گئے ہیں، ہم نے میدان کے اندر اور باہر جس دوستی کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایسی چیز ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گی۔
بائیں ہاتھ کی بیٹر بسمہ معروف نے اپنا ون ڈے ڈیبیو 2006 میں بھارت کے خلاف کیا تھا اور 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 276 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ میچز ہیں۔
انہوں نے 6,262 بین الاقوامی رنز بنائے ہیں جن میں 33 نصف سنچریاں شامل ہیں اور دائیں ہاتھ کی لیگ اسپن سے 80 بین الاقوامی وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
شاندار کریئر کے دوران، بسمہ خواتین کی اس ٹیم کا حصہ تھیں جس نے 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں دو بار گولڈ میڈل جیتا تھا۔
بسمہ معروف نے 96 بین الاقوامی میچوں میں ٹیم کی کپتانی بھی کی، انہوں نے آئی سی سی ویمنز 50 اوورز ورلڈکپ کے 4 ایڈیشنز (2009، 2013، 2017 اور 2022) میں پاکستان کی نمائندگی کی، نیوزی لینڈ میں 2022 کے ورلڈکپ میں انہوں نے ٹیم کی قیادت بھی کی۔
ٹی20 انٹرنیشنل میں بسمہ معروف نے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کے 8 ایڈیشنز (2009, 2010, 2012, 2014, 2016, 2018, 2020, اور 2023) میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 2020 اور 2023 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے عالمی مقابلوں میں وہ ٹیم کی کپتان تھیں۔