سب سے زیادہ سوال یہ کیا جا رہا ہے کہ پاک بھارت میچ کی پچ کیسی ہو گی کیونکہ نیویارک میں اسٹیڈیم عارضی طور پر تیار کیا گیا ہے اور اس سطح کے مقابلے پہلی مرتبہ ہو رہے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ پاک بھارت مقابلے کے لیے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم نیو یارک میں ایڈیلیڈ جیسی پچ ہو گی، نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم کو ورلڈ کپ کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
سی ای او ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ امریکا بریٹ جونز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عارضی اسٹیڈیم بنانے کے لیے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے، تعمیر کے دوران ریکارڈ بارشیں ہوئیں اور خون جما دینے والی سردی پڑی۔
بریٹ جونز نے بتایا کہ عارضی اسٹیڈیم کا آئیڈیا اولمپک گیمز گولف کورسز اور فارمولا ون سے لیا گیا، یہ وہی انفرا اسٹرکچر ہے جو ان ایونٹس میں استعمال ہوتا ہے، 20، 30 سال سے اس انفرا اسٹرکچر کے ساتھ کام کرنے والوں کی خدمات لی گئیں اور پچ کے لیے ڈراپ ان ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، پچ کی تیاری میں ایڈیلیڈ کے ماہر کیوریٹر ڈیمین ہاف کی خدمات حاصل کی گئیں۔
ڈراپ ان پچز کو فلوریڈا کے گرم موسم میں تیار کیا گیا ہے، ایونٹ کے قریب پچز کو فلوریڈا سے نیویارک پہنچایا جائے گا۔
بریٹ جونز نے کہا کہ یہ پچز میلبرن اور ایڈیلیڈ جیسی ہوں گی، ڈیمین کے تجربے کے شکر گزار ہیں، ہمارا خیال ہے کہ یہ وکٹس بالکل ویسا کھیلیں گی جیسی ڈیمین ہوف تیار کرتے رہے ہیں، ایڈیلیڈ پچز کا ٹریک ریکارڈ بہت اچھا رہا ہے اور یہ ویسا ہی کھیلے گی۔