اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر اعظم صدیقی نے لکھا کہ اللہ نے ہی بابر اعظم کو کپتان بنایا تھا اور اسی نے ہٹاکر پھر سے بنایا، ہم نے نہ پہلے کسی سے شکایت کی اور نہ اب کی۔
انہوں نے لکھا کہ ’بابر اعظم نے پہلے بھی ان سے پوچھ کر کپتانی چھوڑی تھی اور اب بھی ان سے پوچھ کر کپتانی لی فرمانبردار بیٹے ایسے ہی ہوا کرتے ہیں۔ ’
واضح رہے کہ 31 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین آفریدی کی جگہ بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنانے کا اعلان کیا تھا۔
ورلڈ کپ 2023 میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد بابر اعظم نے 15 نومبر کو تینوں فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد شاہین آفریدی کو ٹی20 جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
شاہین کی زیر قیادت قومی ٹیم نے ایک ہی سیریز میں شرکت کی تھی اور نیوزی لینڈ میں ہونے والی اس سیریز میں قومی ٹیم کو 1-4 کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اسی دوران شاہین کو قیادت سے ہٹانے کی بازگشت شروع ہوئی اور اب ایک بار پھر بابر اعظم کو قیادت سونپ دی گئی ہے۔