دہشتگردوں اور دھوکے بازوں کے عزائم خاک میں ملانے کا عزم

اداریہ

میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کی خاطر پاک فوج کی لازوال قربانیاں دی ہیں ،فوج نے پائیدار امن قائم کرنے کیلئے کئی طرح کے آپریشنز شروع کرکے بے شمار کامیابیاں سمیٹی ہیں ۔دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے کردارکی دنیا معترف ہے ۔اسی طرح اب ملک میں کئی جگہ دہشتگردی کچلنے کی کارروائیوں میں مصروف ہے ،حال ہی میں قلات میں ہوئے دہشت گردی کے گھناؤنے واقعے کے پس منظر میں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان بھر میں متعدد کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران 23 دہشت گرد مارے گئے۔ یکم فروری کو ضلع ہرنائی میں ایک آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔اس معرکے میں 18جوان شہید ہوئے ۔قبل ازیں 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب، ضلع قلات کے علاقے منگچر میں دہشتگردوں کی جانب سے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا گیا تھا۔ بلوچستان میں مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر 23 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان اور پاکستان سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فروسز کے ساتھ ہے، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع قلات میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کے دوران 18 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے دہشتگردوں کیخلاف بروقت کارروائی کرنے اور جامِ شہادت نوش کرنے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکی بہادری کو سراہا ۔انہوں نے شہدا کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ دہشتگرد عناصر بلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کی خاطر سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاکستانی عوام ملک کا امن خراب کرنے والے عناصر کو مسترد کرتے ہیں۔ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔دریں اثنا چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں شہید اور زخمی ہونیوالے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد دوستی کے لبادے میں چھپے دشمن کو بہادر قوم اور مسلح افواج سے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی سیکیورٹی کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی اور اس موقع پر سینئر سیکیورٹی اور انٹیلی جینس کے عہدیدار بھی موجود تھے۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، گورنر جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور کمبائنڈ ملٹری اسپتال کوئٹہ میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ نے شہدا اور زخمیوں کو ہر قیمت پر ملک کے دفاع کیلئے غیرمتزلزل عزم پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ وہ عناصر جو غیر ملکی آقاؤں کیلئے دہشتگردوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور دہرا معیار اختیار کر کے دھوکا دہی اور منافقت کا کھیل کھیل رہے ہیں، وہ ہمارے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ چاہے یہ نام نہاد “دوستی کے لبادے میں چھپے دشمن” کچھ بھی کر لیں، انہیں ہماری بہادر قوم اور مسلح افواج کی مزاحمت کے سامنے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ان شا اللہ مادر وطن اور اسکے عوام کے تحفظ کیلئے ہم ہرممکن جوابی کارروائی کریں گے اور دشمنوں کو انکے انجام تک پہنچائیں گے۔ آرمی چیف نے پاک فوج، فرنٹیئر کور(ایف سی) اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران اور جوانوں کی بہادری اور دہشتگردی کیخلاف عزم کو سراہا۔اس موقع پر آرمی چیف نے بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود یقینی بنانے، صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔بلاشبہ دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی لازوال قربانیوں سے پائیدار امن کے راستے ہموار ہوئے ہیں ،دھوکے باز منافقین کی چالیں بھی ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے جس سے ملک میں اب کوئی فتنہ باقی نہیں رہے گا ،پاک فوج نے دہشتگردوں کی ہرواردات کو خاک میں ملانے کا اہتمام کردیا ہے ۔یہی قوم کی کامیابی ہے ۔

Comments (0)
Add Comment