پاکستان میں اربوں ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری کا اعلان

اداریہ

پاکستان میں بہترین معاشی پالیسیوں سے تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہورہا ہے ،معاشی استحکام لانے پر غیرملکی سرمایہ کاری میں اصافہ ہورہا ہے ،امریکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں سے ہونے والی ترقی کا اعتراف کرتے ہوئے اربوں ڈالر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیدیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملکر ملکی معیشت کو استحکام دینے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔دو طرفہ اعتماد سازی کے حالیہ عمل سے غیرملکی سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہوئے ہیں ۔پاکستان میں نئی معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے نئی پیش رفت ہوئی ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی اور سازگار کاروباری ماحول، تیز تر و پائیدار عملدرآمد اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ رپورٹ کہا گیاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سرمایہ کاروں کے اعلی سطح کے وفد نے جینٹری بیچ کے زیر قیادت ملاقات کی۔اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عبد العلیم خان، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سازگار کاروباری ماحول، تیز تر و پائیدار عملدرآمد اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم نے پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع، ہنر مند، باصلاحیت اور نوجوان افرادی قوت اور تیزی سے پھیلتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے ہوئے عالمی سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر ملک کے منفرد منظر نامے کا ذکر کیا۔اس موقع پر جینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کان کنی و معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے متنوع مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا ظاہر کی۔انہوں نے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور مستقبل میں ملک کی ترقی کی رفتار پر اعتماد کا اظہارکیا۔جینٹری بیچ کا مزید کہنا تھا کہ یہ اعلیٰ سطح کی ملاقات براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے حکومت کی فعال کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔واضح رہے کہ امریکی سرمایہ کاروں کا اعلیٰ سطح کا وفد 2 روزہ دورے پرپاکستان پہنچا تھا، اس دوران درمیان سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے تھے۔امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی دوست بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جینٹری بیج نے کہا تھا کہ امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، جبکہ امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی، گزشتہ 4 سال میں بائیڈن انتظامیہ نے جو کیا وہ مناسب نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، صدر ٹرمپ کی سربراہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دورکا آغاز ہور ہا ہے، پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ان حالات میں پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کی کاوشیں کامیاب ہورہی ہیں اور عالمی سطح پر موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی جارہی ہے ۔جس سے سرمایہ کاروں کی سرگرمیاں تیز ہوئی ہیں۔پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔امریکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان کے نظام انصاف پر اعتماد کا اظہار کرنا ایک نئی پیش رفت قرار دی جارہی ہے جبکہ 2روزہ دورے پر آنے والے امریکی وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کے حوالے سے موجودہ حکومت کی کاوشوں کو سراہا ہے ،امریکی سرمایہ کاروں کے وفدنے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا پاکستان نے خیرمقدم کیا ہے ،ملکی معاشی ترقی سے حالات بہتر ہورہے ہیں ،اس کا لازمی طور پر عوام کو فائدہ ہوسکے گا ۔

Comments (0)
Add Comment