پاک فوج کی بہادری اور جرات کی دنیا معترف ہے ،دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ میں لازوال قربانیوں سے پائیدار امن کے راستے ہموار کئے گئے ،پاک فوج کے معرکوں سے دنیا کا امن بحال ہوا ،پاک فوج نے جانیں نچھاور کرکے اپنا پرچم بلند رکھا ،اب دہشتگردی کی نئی لہر پر بھی پاک فوج نے ہی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے وطن کا دفاع کیا ہے ،اس تناظر میں سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 30 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 8 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں آپریشن کیا، اس دوران 18 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 6 خوارج زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاع پر دوسرا آپریشن ضلع کرک میں کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں تیسری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے، جن میں رنگ لیڈر خارجی رہنما عزیز الرحمن، قاری اسمٰعیل اور خارجی مخلص شامل تھا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 2 خوارج زخمی بھی ہوئے۔ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمدہوا،دہشتگردسیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔واضح رہے کہ 2 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ 22/23 جنوری کی رات کو خارجی دہشتگردوں کا ایک گروپ پاکستان-افغانستان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں ٹریس کیا اور مؤثر طریقے سے خارجی دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشتگردوں کو اپنے انجام تک پہنچایا، اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کے خیبر میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 4 خارجی مارے گئے جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خارجی دہشت گردوں سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد ہوا۔ہلاک خارجی دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن خیبر کے علاقے باغ میں خفیہ اطلاعات پر کیا۔ مارے جانے والے خارجی دہشت گردوں میں عزیز الرحمان اور مخلص شامل ہیں۔ان حالات میں سول حکومت اور عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں ،پاک فوج نے مشکل ترین حالات میں بھی خطرناک دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور اب دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم ظاہر کرکے پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں ۔