نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے لانے کیلئے حکمت عملی تیار

اداریہ

دنیا میں تیزرفتار ترقی کرنے والی اقوام کو دیکھیں تو وہی کامیاب اور سرخرو ہوئے جنہوں نے اپنے جوانوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے ساتھ انہیں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کردیں،پاکستان میں اس حوالے سے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے اس تناظر میں پہلے کچھ نہیں کیا جاسکا بلکہ عملی طور پر کچھ نہ کرنے سے بھی سنگین تو یہ عمل ہے کہ ماضی میں نوجوانوں کے حوالے سے کوئی جامع منصوبہ بندی نہیں کی گئی ،اس حوالے سے اب ن لیگ کی سربراہی میں قائم مخلوط حکومت نے پہلی بار نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے لانے اور انکے سرگرم کردار سے معاشی ترقی کے اہداف پورے کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کرکے اس پر عملدرآمد بھی شروع کیا گیا ہے ہر شعبے میں نوجوانوں کو آگے لانے کیلئے حکومت نے جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے ،شہباز حکومت نے ملک کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے حالات بہتر بنانے کے جامع پروگرام کو آگے بڑھانے کی ٹھان لی ہے اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا ویژن کلیئر ہے وہ پاکستان کے مفاد کو ہر شے پر مقدم رکھتے ہیں ۔نوجوانوں کو کام کرنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہیں ،وہ انہیں قرض دینے کیلئے بہت زیادہ پرجوش رہے اور اس پر کام شروع کیا ،اب وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم بڑھانے کا اعلان کیاہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کرنے کی ہدایت کی ہے، یہ پیشرفت وزیراعظم کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے امور پر جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی جہاں متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔بتایا گیا ہے کہ بریفنگ میں متعلقہ حکام نے اجلاس کے شرکاء کو ایس ایم ایز کی ترقی و سہولت کے لیے حکومتی اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد ایس ایم ایز کے لیے قرض کے فارم کو مزید آسان اور سادہ بنا دیا گیا ہے تاکہ آئندہ زیادہ سے زیادہ ایس ایم ایز اپنے کاروبار کی بہتری کے لیے قرض کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکو سہولیات دینے کیلئے تفصیلی سروے جلد مکمل کرتے ہوئے یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کی جائے جب کہ سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کا ماڈل اپنایا جائے، چھوٹے پیمانے کےکاروبار میں خواتین انٹرپرینیورز کے لیے خصوصی پیکج تشکیل دے کر اسے جلد پیش کیا جائے۔
وزیراعظم کی جانب سے یہ ہدایت بھی کی گئی کہ چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں خواتین انٹر پرینیورز کے لیے خصوصی پیکیج بناکر جلد پیش کیا جائے، حکومت پاکستان کی افرادی قوت کو کاروبار کی ترغیب دینے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت دینے کے لیے پر عزم ہے کیوں کہ دنیا بھر میں ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں، اسی لیے حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ایس ایم ایز کو فروغ دے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو۔بلاشبہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نوجوانوں کو متحرک اور سرگرم رکھنے کے لئے اہم اقدام کیا گیا ہے ،دنیا میں ترقی کے لئے نوجوانوں کی سرگرمیوں کو سب سے اہم قرار دیا گیا ہے اس لئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تیز رفتارترقی کیلئے اہم پیشرفت کے لئے فوری اقدامات کرنے کے لئے اپنی مربوط اور موثر حکمت عملی پر عمل درآمد کی ہدایت کردی ہے ،مبصرین کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے نوجوانوں کو قرض کی سہولیات شفاف انداز میں دینے سے مستقبل میں پاکستان کو فائدہ ہوسکے گا ۔پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار اہم ہے جس کو اب بہترین کارکردگی کے حوالے سے تیار کرنے کی ٹھان لی گئی ہے ،موجودہ حکومت کے اقدامات سے پوری قوم کو فائدہ ہوگا اور ملک ترقی کرسکے گا ۔

Comments (0)
Add Comment