اداریہ
ملک کو پائوں پر کھڑا کرنے کی خاطر نوجوانوں کو آگے لانا ناگزیر ہے اس لئے پاکستان میں موجودہ حکومت نے نوجوانوں کی کثیر تعداد کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرتے ہوئے ملکی ترقی کے لئے مفید بنانے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کاوشیں کی ہیں ۔پاکستان میں نوجوانوں کو مایوسیوں سے نجات دلانے کیلئے حکومتی سطح پر کئی طرح کے منصوبے سامنے آئے ہیں ان میں اب حال ہی میں ڈیجیٹل سکلز کے منصوبے کی بھی دھوم مچی ہے ،اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خواہش ہے تمام اداروں کی ڈیجیٹائزیشن کی جائے، جس سے سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے 10لاکھ نوجوانوں کو لیپ ٹاپس دئیے ہیں اور اب نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز دینے کا منصوبہ بنایا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ تجارت کے تمام ضابطوں کو ڈیجیٹل کیا جا رہاہے ، ترقی کیلئے دنیا میں آنے والی تبدیلیوں کے مطابق منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ ہر شعبے کی بہتری کیلئے ڈیجیٹائزیشن کو اپنانا ہو گا ، زندگی کا ہر شعبہ ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھ رہا ہے ۔گزشتہ ماہ اس تناظر میں نوجوانوں کے عالمی دن پر وزیر اعظم شہباز شریف کا ا پنے پیغام میں کہنا تھا کہ نوجوانوں کا عالمی دن منانے کا مقصد اس امر کا اعتراف کرنا ہے کہ نوجوان اس دنیا کے مستقبل کے معمار اور تبدیلی کا اصل محرک ہیں۔ اس سال نوجوانوں کے عالمی دن کے کا تھیم، “کلِکس سے ترقی تک : یوتھ ڈیجیٹل پاتھ ویز فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ،” یہ واضح کرتا ہے کہ اس کے دور، جہاں ٹیکنالوجی اور مواقع کا سنگم ہو رہا ہے، میں نوجوانوں کی کس قدر اہمیت ہے۔ٹیکنالوجی اور مواقع کا یہ ملاپ نوجوانوں کو اپنی خواہشات کو ٹھوس نتائج میں بدلنے کی طاقت فراہم کرتا ہے تاکہ وہ ایک پائیدار اور مساوی مستقبل کی راہ ہموار کر سکیں ۔30 سال سے کم عمر کی 60% آبادی کے ساتھ، پاکستان ایک بڑی نوجوان آبادی کا حامل ملک ہے جو تیزی سے عالمی ڈیجیٹل منظر نامے سے جڑ رہا ہے ۔ تعلیم، کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے، نوجوان اپنے اندر مثبت تبدیلی کے محرک بن سکتے ہیں۔یوتھ پروگرام ایک جامع نقطہ نظر کا حامل منصوبہ ہے جو نوجوانوں کو ہنر مندی کے فروغ کے پروگرام کے ذریعے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرتا ہے، یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی فراہم کرتا ہے، اور ہماری یوتھ لون سکیموں کے ذریعے مالی مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ ہمہ جہت سپورٹ فریم ورک نوجوانوں کو آگے لانے کی بات کو یقینی بناتا ہے،دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف کا مرکزی تقریب سے خطاب کے دوران نوجوان نسل کی اہمیت حیثیت ا ور کردار کے اعتراف کے ساتھ یہ کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روشن مستقبل کیلئے ہر طرح کے فساد انتشار اور فریب سے دور رہنا ہوگا،کیونکہ دشمن کا نشانہ نوجوانوں کے ذہن ہیں، ظاہر کرتا ہے کہ وہ حقائق پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم محض دشمن کی ذہن سازی کو ٹارگٹ کرنے کی بجائے اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس کرنا ہوگا۔قبل ازیں رواں سال جون میں چین اور پاکستان نے سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے چائنہ پاکستان ڈیجیٹل ایجوکیشن الائنس تشکیل دیاگیا ، یہ الائنس آئی ٹی ایم سی ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ اور یو این آئی انٹرنیشنل نے 160 سے زائد چینی اور پاکستانی تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیتی(ٹی وی ای ٹی)شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ طور پر شروع کیا ہے، اس کا مقصد پاکستان کے ٹی وی ای ٹی نظام کو مضبوط بنانا اور اسے ایک معروف ڈیجیٹل تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔گوادر پرو کے مطابق الائنس کی تشکیل کا اعلان چونگ چھنگ میں منعقد ہونے والے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل اسکلز مقابلے کے بین الاقوامی ڈیجیٹل سکلز ایکسچینج سیمینار کے دوران کیا گیا۔ دونوں ممالک کے 140 سے زائد کالجوں اور یونیورسٹیوں کی نمائندگی کر نے والے 200 سے زائد ماہرین نے آن لائن اور آف لائن دونوں طرح سے اس تاریخی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ان حالات میں پاکستان کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے کے حکومتی منصوبے پر عملدرآمد سے تعمیروترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ،نوجواموں کو درست ٹریک پر رکھنے سے ملٹی پل فوائد سامنے آسکیں گے اور قوم مایوسیوں کے دلدل سے ضرور نکلے گی ۔